ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میونسپالٹی کو بدنام کرنےکی کوشش کی جارہی ہے : صدر میونسپالٹی پرویز قاسمجی کا بیان

بھٹکل میونسپالٹی کو بدنام کرنےکی کوشش کی جارہی ہے : صدر میونسپالٹی پرویز قاسمجی کا بیان

Tue, 08 Feb 2022 19:13:40    S.O. News Service

بھٹکل:8؍ فروری (ایس اؤ نیوز) پچھلےچند دنوں سے بھٹکل میونسپالٹی کی انتظامیہ کے خلاف بے بنیاد الزام تراشیاں کی جارہی ہیں اور عوام میں بد گمانیاں پیدا کرنے کی کوسشیں ہورہی ہے، یہ بات میونسپالٹی صدر جناب  پرویزقاسمجی نے بتائی۔

پریس کانفرنس میں بات کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ میونسپالٹی کی عام میٹنگ میں چند ممبران نے میونسپالٹی کی طرف سے کئے گئے بعض کاموں کو لے کر سوالات اُٹھائے تھے  اور بالخصوص مین روڈ پر باغ، کچرا نکاسی مرکز پر ہوئےکام اور اس کی رقم کی ادائیگی کو لےکر سنگین الزامات عائد کئے گئے تھے۔ میں نے اسی میٹنگ میں بتادیا تھا کہ جتنے بھی کام ہوئے ہیں ان کی متعلقہ دستاویزات دفتر میں موجود ہیں، جو بھی کونسلر دیکھنا چاہے وہ اس کو دیکھ سکتاہے،اگر کہیں لین دین میں کوئی بے قاعدگی پائی جاتی ہے تو خصوصی میٹنگ منعقد کرتےہوئے ان کے خلاف کارروائی کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ مگر میٹنگ ہوکر ایک مہینہ ہونے کے باوجود دستاویزات کے معائنہ کے لئے کوئی بھی ممبر آگے نہیں آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ممبران کے تمام سوالات کا جواب دینے کے باوجود میٹنگ میں بار بار اُن ہی سوالوں کو دہرایا گیا اور مجھے ذہنی اذیت دینے کی کوشش کی گئی جو بالکل مناسب نہیں ہے۔

صدر میونسپالٹی نےکہاکہ میونسپالٹی میں صدر کی ذمہ داری سنبھال کر ایک برس مکمل ہونے سے پہلے ہی میں نے بے شمارترقیاتی کاموں کو انجام دیا ہے۔ میونسپالٹی کاموں کےلئے جے سی بی ، انوا کار، واٹر ٹینکر اور ٹِپّر خریدے گئےہیں۔ شفاف پینے کے پانی کےلئے منصوبہ تشکیل دیاگیا ہے۔ بھٹکل میونسپالٹی کے لئے  2017سے کوئی بجلی  لائٹ خریدےنہیں گئے تھے لیکن اب 400ایل ای ڈی بلب ای۔ ٹینڈر کے ذریعے پرادھیکار سے منظوری لےکر خریدے گئےہیں۔ اصولوں کے مطابق 43% سے کم قیمت پر ٹینڈرجن لوگوں نے درج کیا تھا ان کا ہی ٹینڈر منظور کیا گیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ 10 فیصد زائد قیمت والوں کو ٹینڈردینے کے لئے اگر مجھ سے کہاجائے گا تو میں اُن کو کیسے  دے سکتا ہوں۔ پرویز صاحب نے بتایا کہ اس معاملےمیں بھی میونسپالٹی پر الزام لگانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ میونسپالٹی کے لئے خریدی گئی انواکار پر نصب کئے گئے بورڈ کے متعلق ایک کمیٹی کے نام پر آرٹی اؤ افسران کو شکایتی عرضیاں دی گئیں ، انہیں بار بار فون کرکے دباؤبنایا گیا اور میونسپالٹی کو شرمندہ کرنےکی کوشش کی گئی ۔  جناب پرویز نے دعویٰ کیا کہ اُنہیں میونسپالٹی میں زائد ممبران کی  تائید  حاصل ہے اور میں اس طرح کی حرکتوں سے ڈرنے والا نہیں ہوں ۔

جناب پرویز قاسمجی نے بتایا کہ میونسپالٹی دکانوں کا قریب 1.5کروڑروپئے کرایہ باقی ہےجنہیں وصول کیاجائےگا۔ مزید بتایا کہ 66 دکانوں کی نیلامی کےلئے بہت جلد کارروائی شروع کی جائے گی۔

فش مارکٹ کی منتقلی اور سرکل کے قریب قائم غیر قانونی باکڑوں کو ہٹانے کے متعلق انہوں نے بتایا کہ کئی بار محکمہ پولس کو لیٹر دیا جاچکا ہے کہ ہمیں پولس کی سیکوریٹی فراہم کی جائے، مگر محکمہ کی جانب سے تعاون نہیں  مل رہا ہے، ہم نے اسسٹنٹ کمشنر سے ملاقات کی، ہم نے رکن اسمبلی سے بھی ملاقات کی، مگر مناسب پولس بندوبست فراہم نہ کئے جانے کی وجہ سے کام التواء میں پڑا ہوا ہے، اس تعلق سے انہوں نے محکمہ پولس کو دئے گئے لیٹرس کی نقل بھی دکھائی ۔

اس موقع پرکونسلرس عبدالرووف نائطے ، عبدالعظیم، آسیہ نِدا اور زرّین گولٹے موجود تھیں۔


Share: